ملتان: شہراولیاء کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے نئی حکمت عملی تیار،سڑکوں کی صفائی دن میں دو بار ہو گی

22

ملتان، 2مارچ (اے پی پی ): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہراولیاء کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔اس بارے سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فاروق ڈوگر نے بتایا کہ شاہراہوں اور یونین کونسلوں میں صفائی کے لئے اوقات مقرر کر دیئے ہیں۔ جس کے مطابق سینٹری ورکرز صبح کےاوقات میں 6 بجے سے  ساڑھے8بجے تک سڑکوں اور چوکوں کی صفائی کریں گے جبکہ ساڑھے8 بجے سے دوپہر ساڑھے12 بجے تک گلیوں محلوں کی صفائی سرانجام دی جائے گی۔ دوپہر ساڑھے12 بجے سے دن 2 بجے تک دوبارہ سڑکوں کی صفائی ہو گی۔

محمد فاروق ڈوگر کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں اور دکانوں کی وجہ سے  سڑکوں کے اطراف میں کوڑا کرکٹ پھینکنے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہتا ہے، اسی لئے شاہراہوں کو سارا دن صاف ستھرا رکھنے کے لئے نئی حکمت اپنائی گئی ہے جبکہ اس سے قبل سڑکوں کی صرف صبح کے وقت ایک بار صفائی کی جاتی تھی۔ نئی حکمت عملی  کے لئے 1700 سے زائد ورک فورس اور مشینری استعمال کی جائے گی۔

سی ای او نے بتایا کہ شہر کی اہم شاہراہوں سے دن دو بجے کے بعد کوڑا اٹھانے کے  لئے سیکنڈ شفٹ بھی  تشکیل دی گئی ہے جس  میں کمپیکٹرز پر مشتمل 4ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔