پاکستان کی تعمیر و ترقی میں خواتین کے کردار کو کسی طرح بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا؛ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ  کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز

24

اوکاڑہ،02 مارچ(اے  پی پی ):ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں خواتین کے کردار کو کسی طرح بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا،خصوصاً کسی بھی ہنگامی حالات  کورونا،ڈینگی اور دیگر بیماریوں کے دوران ڈاکٹرز، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف نے اپنی جانوں کی پرواہ نہیں کی اور فرض کی خاطر دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے کام کیا۔

ان خیالات  کا  اظہار انہوں  نے  نرسز کی خدمات کےاعتراف میں  منعقدہ تقریب  سے  خطاب میں  کیا ۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر نرسز کی خدمات کےاعتراف پر انہیں گارڈ آف آنر اور سلامی پیش کی گئی۔اس موقع پرنرسوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹینڈنٹ  ڈی ایچ کیو ہسپتال سٹی ڈاکٹر اختر حسین اور سکول آف نرسنگ   اوکاڑہ کی ہیڈ نے وزیر اعظم،وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے نرسوں کے لئے گارڈ آف آنر اور سلامی کے ذریعے حوصلے بلند کروانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا  کہ ہم کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں اپنے فرائض سے کوتاہی نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاجس وقت مریض کے لواحقین بھی دل برداشتہ ہو کر ساتھ چھوڑ دیتے ہیں، نرسیں اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دیتی رہتی ہیں اور دکھی انسانیت کی خدمت اور دیکھ بھال کر کے نیکیاں بھی کمارہی ہیں۔انہوں نے وزیراعظم،وزیراعلی پنجاب اور ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔