ملتان : پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،5 بڑی پاپڑ فیکٹریوں  پر چھاپے ، غیر معیاری اجزاء تلف

43

ملتان ،24 مارچ (اے پی پی ): بچوں کی پسندیدہ خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں  کیخلاف  پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی جاری ہے ۔فوڈ سیفٹی ٹیموں  نے  ملتان اور مضافاتی علاقوں میں 5 بڑی پاپڑ فیکٹریوں  پر چھاپے مارے گئے ہیں اور 400 لیٹر ممنوعہ اجزاء سے تیار محلول اور 6 کلو کھلے و غیر معیاری اجزاء تلف کردیئے گئے ہیں ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ 2 فیکٹریوں کو کھلے رنگ، نافابل سراغ اجزاء کے استعمال پر 40، 40 ہزار کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں،انہوں  نے  کہا  کہ پابڑ کھار، نوشادر اور کھلے اجزاء سے تیار محلول کو کیمیکل ڈرموں میں سٹور کیا گیا تھا۔

 رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ کھلے رنگ اور نان لیبل اجزاء کی ملاوٹ پر پاپڑ فیکٹری کو 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا ہے ،انہوں نے  کہا کہ ورکرز کے میڈیکلز کی عدم موجودگی، مشینری کا کلیننگ ریکارڈ نہ ہونے، واضح لیبلنگ نہ کرنے پر سنیکس یونٹس کو جرمانے کیے گئے۔

 رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ غیر معیاری اجزاء اور رنگ کاٹ کی ملاوٹ پر مزید 2 پاپڑ فیکٹریوں کو 50 ہزار کے جرمانے عائد کیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کارروائیاں بستی کریم آباد، پاکستان لودھی ٹاؤن، پرانا دنیاپور روڈ اور بستی شورکوٹ میں کی گئیں ہیں اور  خوراک کے نام پر جعلسازی اور دھوکہ دہی کرنے والے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ریڈار پر ہیں ۔انہوں  نے کہا کہ خوراک کی تیاری و ترسیل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جاۓ گی۔

سورس:وی این ایس،ملتان