وزیراعظم عمران خان سے بوسنیا اور ہرزیگووینا کے وزیر خارجہ کی ملاقات، مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال

11

اسلام آباد،21مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے کونسل آف منسٹرز کی ڈپٹی چیئرپرسن اور بوسنیا اینڈ ہرزیگووینا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بسیرا ترکوویک نے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ ترکوویچ او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورہ پر ہیں۔

 ملاقات کے دوران بوسنیا اور ہرزیگووینا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان، جموں و کشمیر اور اسلامو فوبیا سمیت سلامتی اور دیگر علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔

بوسنیا کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ بوسنیا اور ہرزیگوینا کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں اور ان تعلقات کو سماجی، اقتصادی اور تعلیم کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کی سطح پر تعلقات کو وسیع تناظر میں فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

بوسنیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بسیرا ترکوویچ نے اپنے ملک کی تازہ ترین سیاسی پیش رفت کے بارے میں اپنے نکتہ نظر کا اظہار کیا اور بوسنیا اور ہرزیگووینا کے عوام کی حمایت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے بوسنیا اور ہرزیگووینا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جو خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔