لاہور،04مارچ ( اے پی پی ): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوام کو صحت اور تعلیم کی بین الاقوامی طرزکی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کاپیسہ عوام پرخرچ کرنے پرمکمل یقین رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں گنگارام ہسپتال میں زیر تعمیر مدراینڈچائلڈ بلاک کے دورہ کے دوران کیا ،جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا دورہ سمیت زیرتعمیرمدراینڈ چائلڈ بلاک میں فرنیچراورجاری پیش رفت کاجائزہ لیا۔سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو مدراینڈچائلڈ بلاک پرجاری پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا تھا کہ رواں سال جون میں گنگارام ہسپتال میں زیر تعمیر مدراینڈچائلڈ بلاک کو عوام کیلئے کھول دیاجائے گا۔ پنجاب میں دس مدراینڈچائلڈہسپتال بنائے جارہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب میں ماں اور بچہ کے ہسپتال تعمیرکئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈبلاک اپنی نوعیت کامنفردہسپتال ہوگا ماضی کی حکومت کے ادھورے منصوبے بھی پورے کررہے ہیں، اللہ پاک کی رحمت سے عوام کی خدمت کی بنیادپر عوام کی عدالت میں جائیں گے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دل میں عوام کا دردہے،پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنا ریاست مدینہ کی جانب بنیادی قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈ بلاک ایک ریفرل ہسپتال ہوگا، گنگارام ہسپتال میں زیرتعمیرمدراینڈچائلڈبلاک میں ماں اور بچہ کی بین الاقوامی معیارکی سہولیات فراہم کریں گے۔
اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان،ایم ایس ڈاکٹراطہر،سٹیئرنگ کمیٹی کے ممبران ڈاکٹرعائشہ،ڈاکٹرعمران وحید،ڈاکٹرحسین جعفری،ڈاکٹرعرفان،ڈاکٹریاسمین احسان،ڈاکٹرسلمی،اعجازشیخ،ڈاکٹرنورین اکمل اور سی اینڈڈبلیوکے افسران موجودتھے۔











