اسلام آباد،13مارچ (اے پی پی):پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ کمپٹیشن 2022 اختتام پذیر ہو گئی ، اختتامی تقریب نیشنل کاونٹرٹیریرازم سینٹر پبی میں منعقدہوئی۔انسپکٹرجنرل ٹریننگ وایوالویشن لیفٹننٹ جنرل سیدمحمدعدنان اس موقع پرمہمان خصوصی تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ، آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلہ میں پاکستان آرمی کی 8 ٹیموں اوراردن،مراکش، نیپال، ترکی، ازبکستان، کینیا،سعودی عرب، اورسری لنکا کی 8 ٹیموں نے شرکت کی۔مہمان خصوصی نے مقابلہ کے شرکاءمیں انعامات اورتمغے تقسیم کئے۔ملتان کورنے مقابلہ میں پہلی جبکہ راولپنڈی کورنے دوسری پوزیشن حاصل کی۔بین الاقوامی ٹیموں میں سے نیپال ،ترکی اورازبکستان کی ٹیموں نے گولڈمیڈل حاصل کئے ،کینیا،مراکش اورسری لنکا نے چاندی اوراردن اورسعودی عرب کی ٹیموں نے کانسی کے تمغے جیتے۔
اختتامی تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف سعیدالمالکی، پاکستان میں مراکش کے سفیرمحمدکرمون اورمقابلہ میں شرکت کرنے والے ممالک کے دفاعی اتاشیوں اورمبصرین نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ یہ مقابلہ 7 سے 9 مارچ تک 60 گھنٹوں پرمحیط تھا جس میں انتہائی مشکل ماحول میں مختلف ایونٹس کاانعقادکیاگیا۔ٹیموں کاتجزیہ جسمانی برداشت، ذہنی چستی اورتدبیراتی مہارت کی بنیادپرکیاگیا۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد