راولپنڈی۔30مارچ (اے پی پی):پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 145ویں پی ایم اے لانگ کورس، 12ویں مجاہد کورس، 19ویں لیڈی کیڈٹ کورس اور 64ویں انٹیگریٹڈ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں سعودی عرب، عراق، اردن، مالدیپ، آذربائیجان اور نائیجیریا کے 17 اتحادی کیڈٹس بھی شامل تھے جن میں بین الاقوامی لیڈی کیڈٹس بھی شامل تھے۔ چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مہمان خصوصی نے پریڈ کا جائزہ لیا اور اہم سنگ میل کو حاصل کرنے پر پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی۔ مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔ 145 ویں لانگ کورس کے اکیڈمی سینئر انڈر آفیسر عبدالقہار کو اعزازی تلوار سے نوازا گیا۔ 145ویں لانگ کورس کے بٹالین سینئر انڈر آفیسر عبید الرحمان کو پریذیڈنٹ گولڈ میڈل، 145ویں لانگ کورس کے عراق سے تعلق رکھنے والے فارن کنٹری سینئر انڈر آفیسر عیسیٰ عناد المسعودی کو گولڈ میڈل، انٹیگریٹڈ کورس کے کمپنی اسپورٹس سارجنٹ مطیع الرسول کو کمانڈنٹس کین ، بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کے کمپنی جونیئر انڈر آفیسر ایم حسیب خان کو کمانڈنٹس کین، بیسک مجاہد کورس کے کمپنی انڈر آفیسر فیضان خان کو کمانڈنٹس کین، لیڈی کیڈٹ کورس کی کمپنی سارجنٹ میجر ندا کو کمانڈنٹ کین اور نائیجیریا سے فرینڈلی کنٹری سارجنٹ ہووا کو کمانڈنٹس اوورسیز میڈل سے نوازا گیا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ میجر جنرل عمر احمد بخاری اور مسلح افواج کے سینئر حاضر سروس/ریٹائرڈ اہلکاروں، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے والدین اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت کی۔







