پاکستان میں رومانیہ کے سفیر نکولے گویا  کی وزیر اعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز محمد ایوب آفریدی سے ملاقات

39

اسلام آباد۔16مارچ  (اے پی پی):پاکستان میں رومانیہ کے سفیر نکولے گویا نے وزیر اعظم کے مشیر برائے سمندر پار پاکستانیز محمد ایوب آفریدی سے ملاقات کی جس میں ہنر مند اور غیر ہنر مند ورکرز کی قانونی مائیگریشن کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سفیر نے رومانیہ میں مقیم پاکستانیوں، بالخصوص غیر ہنر مند مزدوروں کے حالات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشیر کو بتایا کہ وہ رومانیہ میں پاکستانی کارکنوں کے معیار اور معاشرے میں ان کی شمولیت پر پراعتماد ہیں۔ ان کا خیال تھا کہ ورکرز کو مزید تربیت کے ساتھ قانونی مائیگریشن دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دے گی۔مشیر نے جواب میں دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کے درمیان اوورسیز کارکنوں کے  اعداد شمار  کے تبادلے  کے حوالے سے  زیادہ سے زیادہ  ہم آہنگی کی ضرورت  پر زور دیا تاکہ رومانیہ روانگی سے پہلے اور بعد میں ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ غیر قانونی مائیگریشن کو روکنے کے لیے محفوظ، قانونی اور منظم مائیگریشن کو فروغ دینے کے لیے اوپن ویزا کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔ سفیر نے یقین دلایا کہ ان کی حکومت اور سفارت خانہ غیر یورپی یونین کے تارکین وطن کو لینے کی ملک کی پالیسی کے تحت پاکستان سے مزید کارکنوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔مشیر اوورسیز پاکستانیز ایوب آفریدی نے رومانیہ کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں رومانیہ میں پاکستانی ورکرز کی برآمد کے لیے مسلسل ہم آہنگی اور تعاون بڑھانے کا یقین دلایا۔