پشاور؛ یوم پاکستان  کے موقع پرتقسیم صدارتی اعزازات کی پروقار تقریب، گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے ممتاز شخصیات کو نوازا

23

پشاور، 23 مارچ(اے پی پی ): یوم پاکستان کے موقع پرتقسیم اعزازات کی پروقار تقریب  بدھ  کو یہاں  گورنرہاؤس  میں  منعقد ہوئی جس میں خیبرپختونخوا کی 8 شخصیات نے صدارتی اعزاز حاصل کیے۔گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے صدرپاکستان عارف علوی  کی طرف سے صوبے کی 8 شخصیات کو صدارتی سول اعزازت سے نوازا۔
گورنر نے پہلا صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی سید ممتاز علی شاہ کو شعبہ فن و ڈرامہ اور اداکاری میں مثالی خدمات انجام دینے پر نوازا۔ شوکت محمود کو موسیقی و گلوکاری کے شعبہ میں غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی سے نوازا جبکہ محترمہ قمروجان کو فن اور لوک گلوکاری کے شعبہ میں غیرمعمولی خدمات پر صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔
گورنر نے طاہر آفریدی(مرحوم) کو ادب کے شعبہ میں غیر معمولی خدمات پر صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی(بعد از وفات) سے نوازا۔ان کا ایوارڈ انکے بھانجے محمد عمر خان نے وصول کیا۔ اسطرح گورنر نے شہزادہ سکندر الملک کو شعبہ پولو اور کھیل میں غیر معمولی خدمات پر صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔
گورنر نے پروفیسر ڈاکٹرعثمان حسن کو شعبہ تعلیم و انجنئیرنگ میں غیر معمولی خدمات پر صدارتی ایوارڈ برائے تمغہ امتیاز سے نوازا، ساتھ ہی لال محمد اعوان کو فن و اداکاری کے شعبہ میں غیر معمولی خدمات پر صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔  گورنر نے اعجاز سرحدی کو فن، سازندہ سازی کے شعبہ میں غیر معمولی خدمات پر صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا۔

گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے صدارتی سول اعزازات حاصل کرنے پر صوبہ کی اہم  شخصیات کو مبارکباد دی۔تقریب میں ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان،مختلف محکموں کےانتظامی سربراہان سمیت صدارتی اعزازات حاصل کرنیوالوں کے فیمیلی اراکین نے شرکت کی۔

سورس:وی این ایس،  پشاور