لاہور، 16مارچ(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کی حکمت عملی کو کامیاب بنانے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں یواین ایف پی اے کی جانب سے پرفارمنس مانیٹرنگ اینڈایکشن فریم ورک کی لانچنگ تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی ۔یو این ایف پی اے نمائندہ پاکستان ڈاکٹربختیارکیڈی رووودیگر افسران نے وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت صوبہ میں خاندانی منصوبہ بندی کیلئے بنیادی اقدامات اٹھارہاہے۔خاندانی منصوبہ بندی کیلئے اعدادوشمارانتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔آج کے اعدادوشمارکے مطابق اور ماہرین کی سفارشات پرعملدرآمد کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں ہیومن کیپیٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ کا آغازکیاجارہاہے۔خاندانی منصوبہ بندی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکو اپنا کردار اداکرناہوگا۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کیلئے محکمہ صحت کے ساتھ تعاون پر یو این ایف پی اے کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کیلئے آئی آرایم این سی ایچ پروگرام کے تحت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ہیومن کیپیٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت گیارہ اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں ہرپیداہونے والے بچے کی ماں کواگلے دوسال تک ہر وزٹ پر ایک ہزارروپے دئیے جائیں گے۔کسی بھی ملک کی ترقی کاانحصار آبادی کے تناسب پرہوتاہے۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈیلیوری کیلئے آنے والی ہر ماں کی کونسلنگ انتہائی ضروری ہے۔دوسرے بچے میں مناسب وقفہ ہی ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بناسکتاہے۔سرکاری ہسپتالوں میں ڈیلیوری کیلئے آنے والی ہر ماں کی کونسلنگ کیلئے ڈاکٹرز کو انسینٹی وائزکررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی میں لیڈی ہیلتھ ورکرزخواتین کی کونسلنگ میں بنیادی کرداراداکرتی ہیں۔پنجاب میں ماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے آٹھ اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈچائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔
ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔خاندانی منصوبہ بندی کو کامیاب بنانے کیلئے ترجیحات میں تبدیلی انتہائی اہم ہے۔ پنجاب میں ڈیجیٹل ہیلتھ اتھارٹی کا جلدقیام عمل میں لایاجائے گا۔نیاپاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے ماں اور بچہ کے علاج کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے۔
یواین ایف پی اے نمائندہ پاکستان ڈاکٹر بختیارکیڈی روو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کیلئے محکمہ صحت کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کیلئے محکمہ صحت کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔پنجاب میں ہیومن کیپیٹل انوسٹمنٹ پراجیکٹ انتہائی خوش آئندہے۔











