تھرپارکر،03 اپریل(اے پی پی ): پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کارڈ کھیلتے ر ہی جبکہ پاکستان تحریک انصاف صحت کارڈ لے کر آئی ہے ، ہم عمران کے ساتھ سیٹوں کیلئے نہیں، نیا پاکستان بنانے کیلئے آئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مٹھی میں جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج سندھ حقوق مارچ کا قافلہ تھرپارکر کے ہیڈکوارٹر مٹھی میں پہنچ چکا ہے، جبکہ دوسری جانب سرکاری وسائل پر جاری مارچ پنجاب میں لڑکھڑا رہا ہے،ایک طرف َساڑھے تین سال کے حساب کا مطالبہ ہے جبکہ دوسری طرف پندرہ سال کا مال ہضم کرنے کا معاملہ ہے، تھرپارکر والو فیصلہ آپ نے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کے میں 2013 اور 2018 میں آپ کے حلقے میں آیا، اس لیے میں نے تھرپارکر کا انتخاب کیا کیونکہ یہ پاکستان اور ہندوستان کا بارڈر ہے،آئے دن یہاں وفاق کی حکومت کو دھمکیاں دی جاتی تھیں، مجھے معلوم ہے کہ چھاچھرو، جہاں سے میں نے الیکشن لڑا، وہاں تک ہندوستان کے ٹینک پہنچے تھے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خان نے بلاول کو کہا کہ گھبرانا نہیں، کراچی میں ہم نے 6 تاریخ کو داخل ہونا ہے، لیکن گھبراہٹ کا عالم یہ ہے کہ کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے جھنڈے اتارے جا رہے ہیں، اگر ہماری جلسیاں ہیں تو گھبراتے کیوں ہو، اب لگتا یہ ہے کہ بلاول تمہارے ذہن پر تحریک انصاف سوار ہوگئی ہے، لیکن گھبرانا نہیں، ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے اور 6 مارچ کو کو اس کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں عمران خان کو اس کی رپورٹ پیش کروں گا اور ہم مشاورت سے اگلے مرحلے کا بھی اعلان کر دیں گے، آج عمرکوٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ تمام میڈیا نے دکھایا،میں اسمبلی کی سیٹ کیلئے یہاں نہیں آیا تھا، میں یہاں تھر کے لوگوں کو جگانے آیا تھا اور جگاتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کے میں جماعت غوثیہ کے تمام حضرات سے کہہ رہا ہوں کہ جو پیپلزپارٹی سے گھبرا رہا ہے میں اسے اجازت دیتا ہوں وہ پیپلز پارٹی میں چلے جائیں، جو اپنی قیمت لگوانا چاہتا ہے ہمیں کوئی اعتراض نہیں اور جو عمران خان کے نظریے کا ساتھ دینا چاہتا وہ ہمارے ساتھ آ جائے، دو کشتیوں پر سواری مت کرو۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ عمران خان نے تھر کی ضرورت، غربت اور پسماندگی کو دیکھتے ہوئے 18لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ دے دیا ہے۔ آج اسے اپنے علاج کیلئے بکری گائے بیچنے کی ضرورت نہ پڑے،سندھ کی حکومت پورے سندھ کو یہ سہولت دینے میں رکاوٹ بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ایم این ایز سے پوچھو کیوں غریب کے بچوں کو تڑپانا چاہتے ہو، کیوں رکاوٹ بنے ہوئے ہو۔ میں میڈیا کو دعوت دیتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کے لگائے ہوئے آر او پلانٹ دیکھ لیں کتنے چل رہے ہیں، مٹھی میں ایشیا کا سب سے بڑا آر او پلانٹ بند پڑا ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اب سندہ کا نوجوان متبادل کی تلاش میں ہے، آج اس کی نظریں پاکستان تحریک انصاف کی جانب ہیں۔ میں وزیر اعظم عمران خان،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، زین قریشی، اور جے پرکاش کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ کہ 400 پمپ کی منظوری کا اعلان ہو چکا ہے،انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آپ کو عمرکوٹ سے کھوکھرا پارک تک سڑک بھی بنوا دے گی، پی پی والوں نے مجھے ہرانے کیلئے میرے 32 پولنگ اسٹیشن جلائے،مٹھی کے لوگو ان کو 2023 میں دھاندلی مت کرنے دینا کیونکہ شفاف انتخابات ہوئے تو یہ سیٹیں پاکستان تحریک انصاف نکالے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ سے یہی کہوں گا کہ آپ نے اب سر اٹھا کر جینا ہے، سر جھکا کر نہیں،نوجوانو ابھی سندھ کے گاؤں گاؤں قریہ قریہ عمران خان کا پیغام پہنچا دو، میری سیاسی نگاہ 2023 میں سندھ میں تبدیلی کو صاف دیکھ رہی ہے۔











