چھانگا مانگا اور مری کی سیاست نہیں چلے گی، کپتان کے ساتھ قوم کھڑی ہے، شکست مخالفین کا مقدر ہے؛ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار

23

لاہور، 18مارچ(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ چھانگا مانگا اور مری کی سیاست نہیں چلے گی، کپتان کے ساتھ قوم کھڑی ہے، شکست مخالفین کا مقدر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس سے گفتگو میں  کیا ، جنہوں نے جمعہ کو  یہاں  وزیراعلیٰ  سے  ملاقات کی ، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن آگ سے کھیل رہی ہے، بدقسمتی سے مخالفین نے پاکستان کے مفادات کو داؤ پر لگایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے، چھانگامانگا اورمری کی سیاست نہیں چلے گی،کپتان کے ساتھ قوم کھڑی ہے،شکست مخالفین کا مقدر ہے۔

صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے بھیانک چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں، چوروں اورڈاکوؤں کا جو حشر ہوگا وہ قوم دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرٹیفائیڈ لٹیروں کے خلاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنگ جاری رہے گی، وزیراعظم عمران خان نہ جھکے گا،نہ قوم کو جھکنے دے گا۔