چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے کرغزستان کے وزریر خارجہ رسلان کازاک بائیف کی ملاقات

20

اسلام آباد،23مارچ  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے    کرغزستان کے وزریر  خارجہ رسلان کازاک بائیف نے بدھ کو  یہاں   پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تمام او آئی سی وفود کے شکر گزار ہیں، دونوں ممالک بھائی چارے کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں،دونوں ممالک پارلیمانی سطح اور بین الاقوامی فورمز پر بھی بہترین تعلقات رکھتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہم دوستانہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں اورپارلیمان ہی وہ ادارہ ہے جو عوامی خواہشات کا مظہر ہے۔ تجارتی سطح پر بھی روابط کو مزید تقویت دینا چاہتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر پورٹ سٹی کے طور پر ابھر رہا ہے۔ سرمایہ کار آگے آئیں دونوں ملکوں کو فائدہ ہو گا۔ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں   نے کہا کہ پاکستان، کرغزستان سمیت تمام وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی و عوامی روابط کے فروغ کا خواہاں ہے اورپاکستان کرغزستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات یکساں عقیدے، تاریخ اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت کثیرالجہتی فورمز پر دوطرفہ تعلقات اور تعاون کا جائزہ لیا۔

چیئرمین سینیٹ نے دوطرفہ وفود کے تبادلوں، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے اور ادارہ جاتی میکانزم کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان گوادر پورٹ کے ذریعے کرغزستان کو مختصر ترین تجارتی راستہ فراہم کر سکتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تعلیم کے شعبے میں تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینا ہوگا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون جاری رکھنے اور کثیرالجہتی فورمز پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے روابط کا تسلسل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔