ڈینگی سرویلنس کیلئے متعلقہ ٹیموں کو متحرک کیا جائے؛ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت

11

لاہور، 10مارچ(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ محکمہ صحت اور انتظامیہ ہمہ وقت چوکس رہیں۔ ڈینگی سرویلنس کیلئے متعلقہ ٹیموں کو متحرک کیا جائے۔ محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ وضع کر دہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں  نے  صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد سے گفتگو میں  کیا، جنہوں نے  جمعرات  کو یہاں  ان سے   ملاقات کی ۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو ڈینگی سے نمٹنے کے اقدامات اور کورونا ویکسینیشن پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں  بریفنگ دی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس پلان پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اس ضمن میں کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی سرویلنس میں غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں، ڈینگی کے مرض کو پنجاب میں پھیلنے سے بروقت روکنا ضروری ہے۔