ڈی چوک پر لوگوں کا سمندر آ رہا ہے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہونے جا رہا ہے؛سینیٹر فیصل جاوید  

73

اسلام آباد،14مارچ  (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ڈی چوک پر لوگوں کا سمندر آ رہا ہے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہونے جا رہا ہے، عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں جب این آر او نہ دینے کا اعلان کیا تو اپوزیشن نے اسی وقت اپنا عدم اعتماد کر دیا تھا، اپوزیشن نے این آر او  لینے کے لئے حکومت کو پہلے دن سے بلیک میل کیا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد میں بڑا جلسہ منعقد کرنے جا رہی ہے، کارکن اس میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے کر آئی ہے، جب وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی میں اپنا پہلا خطاب کر رہے تھے تو اپوزیشن نے اس وقت ہی عدم اعتماد کر دیا تھا کیونکہ عمران خان انہیں این آر او دینے کیلئے تیار نہیں تھے۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ  ماضی میں یہ ایک دوسرے کو این آر او دیتے رہے، چارٹر آف کرپشن یہی تھا کہ ایک دوسرے کے کیسز نہیں دیکھنے، مل کر کام کرنا ہے اور ایک دوسرے کا احتساب نہیں کرنا۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں پاکستانی عوام نے عمران خان کو منتخب کیا، اپوزیشن نے اسمبلی کے پہلے اجلاس میں این آر او کی رٹ لگانا شروع کر دی، یہ ڈراتے رہے، دھمکاتے رہے، ایف اے ٹی ایف بل کے خلاف اور لانگ مارچ کی  دھمکیاں دیں، استعفے بن گئے لطیفے، وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ حکومت گرانے کی بات کرتے ہیں، حکومت تو کیا چیز ہے اگر جان بھی چلی جائے تو انہیں این آر او نہیں دوں گا، اب یہ اپوزیشن والے تحریک عدم اعتماد لے کر آئے ہیں تاکہ منی لانڈرنگ سمیت ان کے خلاف دیگر کیسز سے ان کو ریلیف مل جائے، پھر این آر او مانگ رہے ہیں، یہ عوام کیلئے کچھ نہیں کر رہے، اپنی ذاتی کرپشن کے کیسز معاف کرانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کو بلیک میل کر رہے ہیں۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ان کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، ان کو شکست نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو پارلیمنٹ لاجز میں تنہائی میں رکھا ہے، اپوزیشن کو اپنے ارکان پر اعتماد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، اس سے پہلے بھی اتحادیوں نے ہمارا ساتھ دیا ہے، اتحادیوں نے ہر موقع پر اپوزیشن کے دعوئوں کو جھٹلایا ہے۔