گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان،  وزیر اعلی محمود خان اور کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی کوہاٹی گیٹ میں واقع امام بارگاہ حسین آباد آمد، اہل تشیع کے رہنماؤں سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کی

26

پشاور، 5 مارچ(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان،  وزیر اعلی محمود خان اور کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید،  کوہاٹی گیٹ میں واقع امام بارگاہ حسین آباد پہنچ گئے اور سانحہ کوچہ رسالدار پر اہل تشیع کے رہنماؤں سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کی۔ انہوں نے سانحہ کوچہ رسالدار کے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی اور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مل کر جنگ لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر شاہ فرمان نے واقعہ کو انتہائی افسوسناک اور قومی اتحاد و اتفاق کو خراب کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات کے پیچھے دشمن کے مقاصد کو سمجھنا ہوگا  اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ آج یہاں حاضر ہونے کا مقصد شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کرنا ہے،  اس سانحے میں جو نقصان ہوا اس کا آزالہ نہیں ہوسکتا لیکن اس واقعے کے مجرمان کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔  انہوں نے کہا کہ واقعے کے مجرمان تک پہنچنے اور آئیندہ ایسے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنانے پر کام کر رہے ہیں تاکہ سرزد ہونے والی غلطیوں  سے سبق سیکھ کر آگے کا لائحہ عمل طے کریں، ہم عبادت گاہوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے رہے ہیں۔

 وزیر اعلی محمود خان نے کہا کہ جو عناصر قوم میں نفاق پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہم مل جل کر ان کو ناکام بنائیں گے، یہ ایک مشکل جنگ ہے لیکن ہم مل جل کر لڑیں گے تو کامیاب ہونگے۔

کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کہا کہ سکیورٹی فورسز، حکومت اور عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے اس ناسور کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے اور اس مقصد کے لئے تمام اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے،ملک میں امن و امان کو یقینی بنانے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے تمام وسائل بروئےکار لائےجائیں گے۔

امامیہ جرگے کے رہنماؤں  نے  تعزیت کے لئے تشریف لانے پر گورنر، وزیر اعلی اور کورکمانڈر کا شکریہ ادا  کیا اور  دشمن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لئے آپس میں قومی اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اس واقعے پر اپنی سیاست چمکانے نہیں دیں گے۔

دریں اثناء کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال میں زیر علاج سانحہ کوچہ رسالدار کے زخمیوں کی عیادت کی۔

سورس: وی این ایس، پشاور