تئیس مارچ کو آزاد پاکستان کی قرارداد منٹو پارک میں پیش کی گئی؛پرنسپل کیڈٹ کالج مری کرنل عبدالقدوس
مری،23 مارچ (اے پی پی): پرنسپل کیڈٹ کالج مری کرنل عبدالقدوس نے کہا ہے کہ یوم پاکستان (23مارچ) کا دن تاریخ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے، آج ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں اس ملک کو حاصل کرنے کی قرار داد اس دن منٹو پارک لاہور میں پیش کی گئی جسے برصغیر کی تمام مسلم پارٹیوں نے منظور کیا اور پاکستان کی حقیقی بنیاد رکھی۔
ان خیالات کا اظہار پرنسپل کیڈٹ کالج مری کرنل عبدالقدوس نے پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ تصویری نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔کرنل عبدالقدوس نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال 23 مارچ کو پاکستان ڈے منایا جاتا ہے تاکہ تاریخ کو زندہ رکھ کر نوجوان نسل تک منتقل کیا جاسکے۔
اس کے علاوہ پاکستان ڈے کے حوالے سے آرٹس کونسل میں میوزک شو کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں معروف گلوکار شکیل اعوان نے پرفارم کیا۔ اس موقع پر امجد بٹ، وقار عباسی،بابر مغل سمیت فیمیلیز ، بچوں اور سیاحوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور آرٹس کونسل کی کاوشوں کو خوب سراہا اور ملی نغموں سے خوب محظوظ ہوئے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شکور نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کے پروگرام بہت اہمیت کے حامل ہیں اور ان کا مقصد نوجوانوں میں تاریخی شعور پیدا کرنا ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل مری انعم خالد نے پروگرام کی نظامت کے فرائض سر انجام دیے۔
سورس: وی این ایس، مری