بہاولنگر ،22اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے رمضان بازار کا دورہ کیا اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر متعلقہ محکموں کے افسران ہمراہ تھے ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازاروں میں اشیاء خورد نوش کے سٹالز، آٹا، چینی، چکن اور ایگریکلچر فئیر پرائس شاپ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں صارفین کی سہولت کے لیے اشیائے خورد و نوش عام مارکیٹس سے کم نرخ پر فروخت کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں حکومت کی جانب سے آٹا، چینی اور دیگر اشیائے خوردونوش پر سبسڈی دی گئی ہے۔ انہوں نے ایگریکلچر فیئر پرائس شاپ کا معائنہ کے موقع پر کہا کہ 13آئٹمز جن میں سیب، کیلا، کھجور، امرود، لیموں،بھنڈی، کدو،ٹماٹر، آلو، پیاز، لہسن، دال چنا، بیسن شامل ہیں جنکی فروخت پر سبسڈی دی گئی ہے تاکہ لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء خورد و نوش کے نرخ نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیں نیز رمضان بازاروں میں صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازار کے انچارج اور دیگر متعلقہ سٹاف ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض ادا کریں۔











