تحقیقات میں سازش ثابت نہیں ہوئی عمران خان اور ان کے ترجمان  قوم سے جھوٹ بولنے پر  معافی مانگیں؛ مسلم لیگ( ن )کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا

31

اسلام آباد،25اپریل  (اے پی پی):مسلم لیگ( ن )کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ تحقیقات میں سازش ثابت نہیں ہوئی عمران خان اور ان کے ترجمان  قوم سے جھوٹ بولنے پر  معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہارمسلم لیگ( ن )کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا  نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کیا۔محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ قاسم سوری کی رولنگ سے کروڑوں افراد کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ،   انہوں نے آئین توڑا ہےانہیں قوم سےمعافی مانگنی ہوگی،  انہیں   ہتک عزت کا نوٹس دیا جائے گا۔انہوں  نے کہا کہ  عدالتی فیصلے کے بعد قاسم سوری کا جھوٹ قوم کے سامنے عیاں ہو چکا ہے ،تحقیقات سے ثابت ہو گیا کہ پاکستان کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی عمران نیازی اور قاسم سوری 15دن میں قوم اور منتخب نمائندوں سے معافی مانگیں۔

محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ عمران نیازی کے تمام ترجمانوں کو وارننگ ہے کہ پاکستان کا قانون حرکت میں آئے گا۔ ان تمام افراد کو ہتک عزت کے نوٹس بھیجے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اور ان کے لوگ سوشل میڈیا پر عدالت عظمیٰ کی توہین کر رہے ہیں،پاکستانی قوم آئین شکنی کرنے والوں کے خلاف تحریک چلائے گی ۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئینی ذمہ داریاں پوری  نہ کرنے کی صورت میں صدر  کے خلاف مواخذہ  کی تحریک لائی  جا سکتی ہے۔ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ عمران نیازی 8سال تک فارن فنڈنگ کے معاملے کو دباتے رہے۔