جلالپورپیروالا،12 اپریل (اے پی پی ): سیکرٹری فوڈ پنجاب علی سرفراز نے اسسٹنٹ کمشنر جلالپورپیروالا طارق محمود دھاریوال کے ہمراہ تحصیل کے چاروں مراکز خریداری گندم کا دورہ کیا اور گندم خریداری کے عمل سمیت ان لوڈنگ کے پراسز کو بھی چیک کیا اور کسانوں سے مسائل سننے کے ساتھ ساتھ معلومات بھی حاصل کیں۔
بعد ازاں میڈیا بریفنگ کے دوران سیکرٹری فوڈ پنجاب کا کہنا تھا کہ تحصیل جلالپورپیروالا کا ٹارگٹ ہم نے 91 ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا جس پر اسسٹنٹ کمشنر کی کمان جو تحصیل انتظامیہ ہے، اس نے بھر پور طریقے سے کام کرتے ہوئے 25 فیصد سے بھی زائد ٹارگٹ پورا کرلیا ہے۔
پچھلے سال کی نسبت اس سال قبل از وقت خریداری شروع کی گئی ہے کسانوں سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدا جائے گا اور حکومت پنجاب کے مقرر کردہ نرخ 2200 روپے فی من کے حساب سے حکومت پنجاب 183 ارب روپے کی گندم کاشتکاروں سے خریدے گی۔











