ملتان، 6 اپریل (اے پی پی): رمضان المبارک میں معیاری خوراک کی فراہمی کی منصوبہ بندی کے حوالے سے ڈی جی فوڈاتھارٹی شعیب خان جدون نے اپنے اہم پیغام میں کہا ہے کہ اپنی روایات کے مطابق رمضان المبارک کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے خصوصی منصوبہ بندی کی ہے ، ماہ مبارک میں چیکنگ نظام کو مزید سخت کرتے ہوئے سپیشل آپریشن ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سحروافطار پوائنٹس پر تیار ہونیوالی خوراک کی مسلسل نگرانی کے لیے سرپرائیز چیکنگ کی جائے گی۔
شعیب خان جدون نے کہا کہ 24گھنٹے خوراک کی ترسیل،تیاری اور فروخت پر نظر رکھنے کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں 3شفٹوں میں کام کریں گی، صوبہ بھر میں معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے فوڈ سیفٹی آفیسرز رمضان بازاروں میں موجود رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشروبات تیار کرنے والی تمام کمپنیوں کی پراڈکٹس کی سیمپلنگ کی جا رہی ہے، سیمپل فیل ہونے والی پراڈکٹس کو مارکیٹ سے اٹھا کر فوراً تلف کر دیا جائے گا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ موسم گرماکی آمد اور رمضان کے پیش نظر مشروبات کی طلب میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ اپنی اچھی صحت کے لیے غذائیت سے بھرپورصحت افزاء خوراک کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک میں جعل سازی یا ملاوٹ جیسے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اپنے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ہمیشہ کی طرح آپ تک خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے تمام اہل وطن کو رحمتوں بھرے مقدس مہینے کی مبارکباد بھی دی۔











