فیصل آباد، 18اپریل (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر عمران محمود نے فیصل آباد میں سمارٹ سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کیا،پراجیکٹ کے تحت 900کیمرے انسٹال کئے جائیں گے۔
اس حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے آر پی او عمران محمود نے بتایا کہ سمارٹ سٹی پراجیکٹ کے تحت 900کیمرے شہربھر میں انسٹال کئے جائیں گے۔300کیمرے میڈیا کام آپٹک فائبر نیٹ ورک کے ساتھ شراکت سے اور 600کیمرے انٹر نیٹ پروٹوکول کے تحت پراجیکٹ کاحصہ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے اب تک مدینہ ٹاؤن، اقبال ٹاؤن پیپلز کالونی میں کیمروں کی تنصیب کی جارہی ہے، مجموعی طور پر 800کیمرے سمارٹ سٹی پراجیکٹ کے نیٹ ورک سے منسلک ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمارٹ سٹی پراجیکٹ سے جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر آر پی او نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پنجاب سیف سٹی سے مختلف پراجیکٹ ہے، سیف سٹی پنجاب حکومت کا پراجیکٹ ہے جو حکومتی اخراجات کی بنا پر مکمل کیا جارہا ہے، فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے یہ پراجیکٹ مکمل نہیں ہوسکا ہے ،یہ سمارٹ سٹی پراجیکٹ نجی شعبہ کے تعاون سے مکمل کیا جارہاہے، ایس ایس پی آپریشن کے آفس میں مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا ہے جس سے پولیس کو امن و امان کے قیام میں مدد ملے گی۔
اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے سی پی اوفیصل آباد غلام مبشر میکن نے بتایا کہ یہ پراجیکٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کام فائرنیٹ ورک کمپنی نے اپنا نیٹ ورک فراہم کیاہے جس کے تحت 300کیمروں کی تنصیب کی گئی ہے مزید براں 600کیمروں کو آئی پی کے ذریعے نیٹ ورک سے منسلک کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جرائم کے روک تھام،ملزمان کی شناخت، کرائم سین، جلسے جلوسوں، ریلیوں، مذہبی، عبادت کے اجتماعات، دیگر تقریبات اورسرگرمیوں کے دوران سکیورٹی اقدامات میں یہ پراجیکٹ انتہائی مفید ثابت ہوگا۔
انہوں نے بتایاکہ سیف سٹی پراجیکٹ حکومت پنجاب کے فنڈزسے مکمل ہوگاجس پرکروڑوں روپے لاگت آئے گی تاہم سمارٹ سٹی پراجیکٹ نجی شعبہ، عوامی تعاون اورمحکمہ پولیس کے اشتراک سے مکمل ہوگا جس پر اخراجات نہ ہونے برابر ہیں۔
انہوں نے ایک سوال کے جوا ب میں اے پی پی کو بتایا کہ سیف سٹی پراجیکٹ لانچ ہونے پر سمارٹ سٹی پراجیکٹ کو مائیکرولیول سے لے جایا جائے گا جس کے تحت اہم چوکوں شاہرات اور گلی کوچوں کی سرویلینس کی جائے جس سے سٹریٹ کرائم کی روک تمام میں مدد ملے گی۔
میڈیا کام کیبل اورآپٹک فائبرنیٹ ورک چیف ایگزیکٹو ندیم آفتاب سندھو نے اے پی پی کو بتایا کہ سمارٹ سٹی پراجیکٹ کیلئے کمپنی فری آف کاسٹ آپٹک فائبر نیٹ ورک کی سہولیت فراہم کررہی ہے۔کمپنی فیصل آباد کو کرائم فری بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے حاضر ہے۔
ترجمان سی پی او منیب احسن نے اے پی پی کو بتایا کہ سمارٹ سٹی پراجیکٹ میں 1600کیمروں کی نیٹ ورکنگ کپیسٹی ہے۔800کیمرے انسٹال ہوچکے ہیں ابتدائی طور پر 900کیمرے انسٹال کئے جارہے ہیں جن کی تعداد بتدریج بڑھائی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سمندری میں 300کیمروں پر مشتمل سمارٹ سٹی پراجیکٹ مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ جڑانوالہ، تاندلیانوالہ، صدرفیصل آباد، چک جھمرہ میں کیمروں کی نتصیب کاکام جاری ہے جسے جلد مکمل کرلیا جائے گا۔











