نئی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھالیا، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں حلف لیا

17

اسلام آباد۔19اپریل  (اے پی پی):نئی وفاقی کابینہ کے اراکین نے ایوان صدر میں منعقدہ ایک سادہ اور پروقار تقریب میں حلف اٹھالیا، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے نئے وفاقی وزراءاور وزراءمملکت سے حلف لیا۔ منگل کو یہاں وزیراعظم محمد شہباز شریف، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سول و فوجی حکام، حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے قائدین، سیاسی قائدین اور دیگر اہم شخصیات نے وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ (ن) ، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علماءاسلام، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ نئی کابینہ میں جن وزراءکو وفاقی وزیر کی حیثیت شامل کیا گیا ہے ان میں خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، رانا ثناءاللہ، سردار ایاز صادق، رانا تنویر حسین، خرم دستگیر خان، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، مفتاح اسماعیل، میاں جاوید لطیف، ریاض حسین پیرزادہ، مرتضی جاوید عباسی، اعظم نذیر تارڑ، سید خورشید احمد شاہ، سید نوید قمر، شیری رحمان، عبد القادر پٹیل، شازیہ مری، سید مرتضی محمود، ساجد حسین طوری، احسان الرحمٰن مزاری، عابد حسین، اسعد محمود، عبد الواسع، مفتی عبدالشکور، محمد طلحہ محمود، سید امین الحق، سید فیصل علی سبزواری، محمد اسرار ترین، نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور طارق بشیر چیمہ شامل ہیں۔ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، حنا ربانی کھر اور عبد الرحمٰن خان کانجو کو کابینہ میں وزراءمملکت کا قلمدان دیا گیا ہے۔کابینہ میں قمر زمان کائرہ، انجینئر امیر مقام اور عون چوہدری کو مشیروں کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔ نئی وفاقی کابینہ کی حلف برداری سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں اور دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان سے کابینہ کی تشکیل کے لئے مشاورت کی تھی جس کے بعد کابینہ کو حتمی شکل دی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے11 اپریل کو ملک کے نئے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا، اس سے قبل قومی اسمبلی نے محمد شہباز شریف کا 174ووٹوں سے پاکستان کے23 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے انتخاب کیا تھا۔