وزیر اعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب کے دوسرے روز مدینہ منورہ سے جدہ پہنچ گئے

2

جدہ،29اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم شہبا ز شریف جمعہ کو دورہ سعودی عرب کے دوسرے روز مدینہ منورہ سے جدہ پہنچ گئے ۔گورنر مکہ خالد بن فیصل السعود اور سعودی عرب کے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مسعدبن محمد العیبان نے ہوائی اڈے پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔وزیر اعظم نے مدینہ منورہ میں قیام کے دوران دو مرتبہ روزہ رسول ﷺ پر حاضری دی، ریاض الجنتہ میں نوافل ادا کئے، جمعۃ الوداع کی نماز مسجد نبوی میں ادا کی، ملکی سلامتی، ترقی اور سماجی خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔

وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمدآصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں شامل ہیں۔ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

دورے کے دوران وزیراعظم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی و تجارتی روابط کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔اس موقع پر دونوں دوست ممالک باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی لازوال روایت پر مبنی ہیں۔ پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہبازشریف سعودی عرب کے تین روزہ اعلی سطح کے سرکاری دورے پر ہیں۔