وزیر اعظم شہباز شریف کا پشاور موڑ تا اسلام آباد ائیر پورٹ میٹرو بس سروس منصوبے کا دورہ، منصوبہ کی تاخیر پر انکوائری کے احکامات

33

اسلام آباد ،14 اپریل (اے پی پی ):وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور موڑ تا اسلام آباد ائیر پورٹ میٹرو بس سروس منصوبے کا دورہ  کیا ہے ،وزیر اعظم نے صبح سویرے 5 سال سے زیر التوا پشاور موڑ تا اسلام آبادایئرپورٹ میڑوبس سروس  منصوبے کا دورہ کیا ۔

وزیراعظم شہبازشریف نے پشاور موڑ تا ایئرپورٹ میڑوبس منصوبہ میں تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی انکوائری اور ذمہ داران کے تعین کے احکامات جاری کردیئے  ،16ارب روپے خرچ ہونے کے باوجود یہ منصوبہ چار سال تک کیوں التوا کا شکار رہا ، منصوبہ پر ڈیڑھ ارب روپے کی جو اضافی لاگت آرہی ہے اس کا بوجھ کون اٹھائے گا ۔

وزیراعظم نے سی ڈی اے اور این ایچ اے حکام کو 16 اپریل سے پشاور موڑ تا ایئرپورٹ میٹرو بس سروس کے باقاعدہ آغاز کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان میں عوام کو مفت سروس فراہم کی جائے ۔

وزیراعظم نے موٹروے چوک میں میٹرو اسٹیشن  بنانے ، بہارہ کہو اور روات سے پشاور موڑ تک میٹرو بس سروس چلانے کی فیزیبلٹی فوری بنانے کا حکم بھی دے دیا۔وزیراعظم نے  میٹرو اسٹیشنز کی تزئین و آرائش کے کام پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے ، وہاں کام اور سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے اورمیٹرو بس کے ذریعے ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کے سامان کے لیے بسوں میں ریک بنانے کی بھی ہدایت کی ۔

وزیراعظم شہبازشریف، احسن اقبال ، مریم اورنگزیب ، ڈاکٹر طارق فضل اور حنیف عباسی سمیت دیگر لیگی رہنمائوں کے ہمراہ  میٹرو بس میں سفر کرتے این ایچ اے میٹرو اسٹیشن پہنچے  جہاں انہیں چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد اور این ایچ اے حکام نے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔