پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دوستانہ تعلقات اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، فیصل امین گنڈاپور

8

پشاور، 28اپریل (اے پی پی): خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی فیصل امین خان گنڈہ پور نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دوستانہ تعلقات اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اپنی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان عوامی و تجارتی روابط بڑھانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی ۔انہوں نے اعتراف کیا کہ باہمی تجارت کے فروغ اور قومی معیشت کے استحکام کیلئے علاقائی تجارت میں اضافہ وقت کا تقاضا ہے جس کی بدولت عوامی طور پر بھی دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے وہ پشاور کے دورے پر آئے آذربائیجان کے سفیر عزت مآب خضر فرہادوف کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔

یہ سادہ مگر پروقار تقریب گزشتہ شام یونیورسٹی ٹاؤن کلب پشاور میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا، بعض دیگر ارکان صوبائی اسمبلی، سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی سید ظہیر الاسلام شاہ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے سپیشل سیکرٹری محمد خالق کاکا، سمال انڈسٹریز ڈویلپمنٹ بورڈ کے ایم ڈی سید ظفر علی شاہ، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے اور ریجنل و ٹاؤن میونسپل آفیسرز کے علاؤہ آذر سفارت کاروں اور چیدہ کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی اس موقع پر صوبائی وزیر نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کے علاوہ آذر بائیجانی سفیر کو صوبے کی جغرافیائی و سیاسی اہمیت، مروجہ بلدیاتی نظام، معاشی و سیاحتی مواقع اور صوبہ بھر بالخصوص ضم اضلاع میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا جبکہ خضر فرہادوف نے انکی بہترین مہمان نوازی پر خیبر پختونخوا حکومت اور وزیر بلدیات کا بطور خاص شکریہ ادا کیا ۔

 وزیر اعلیٰ اور وزیر بلدیات کو دورہ آذربائجان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آذر حکومت اور عوام کو اس دورے پر انتہائی خوشی ہوگی فیصل امین گنڈاپور نے کہا کہ انکی صوبائی حکومت آذر بائیجان سے دوستانہ مراسم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا بالخصوص پشاور نہ صرف افغانستان بلکہ وسطی ایشیاء کی تمام ریاستوں کے ساتھ باہمی تجارت کیلئے گولڈن گیٹ کی حیثیت رکھتا ہے اور یہاں کا تاریخی پس منظر بھی اس حقیقت کا گواہ ہے ۔ وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ افغانستان میں صورتحال جلد بہتر ہونے پر پاک افغان تعلقات کے ساتھ آذربائجان سمیت تمام وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ حکومتی، عوامی اور تجارتی روابط میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا انہوں نے آذر بائیجان کے سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہاں پن بجلی، تیل، گیس، معدنیات، قیمتی پتھروں، سیاحت و ثقافت اور دیگر کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع دستیاب ہیں ۔

 آذر بائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کا کہنا تھا کہ ان کا ملک پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا کے ساتھ باہمی تعلقات کے فروغ کو کافی اہمیت دیتا ہے انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں اور اس مقصد کیلئے متعدد ورکنگ گروپ بھی قائم کئے گئے ہیں انہوں نے خیبر پختونخوا کے سرمایہ کاروں کو بھی آذربائیجان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ آذربائیجان بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے کافی موزوں ملک ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آذربائیجان کے ساتھ دوستی کا رشتہ بطریق احسن نبھایا ہے بالخصوص آرمینیا کے مسئلے پر پاکستان نے آذربائیجان کی بھرپور حمایت کی ہے ۔

اس موقع پر معزز سفیر اور وزیر بلدیات نے یونیورسٹی ٹاؤن کلب کے سبزہ زار میں پاک آذربائجان دوستی کی یادگار کے طور پر سدابہار پودے بھی لگائے جبکہ صوبائی وزراء اور آذر سفیر  کے مابین تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔