اٹک،23 مئی (اے پی پی): سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جواد الہی نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر کئی اضلاع کی طرح ضلع اٹک میں انسداد پولیو مہم 23 مئی سے شروع کی جا رہی ہے جو 27 مئی تک جاری رہے گی ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پیپلز کالونی اٹک میں پولیو مہم کا افتتاح کر تے ہوۓ کیا۔سی ای او ایجوکیشن ملک محسن عباس، ڈی ایچ او ڈاکٹر کاشف حسین،ڈی ای او سکینڈری اکرم ضیاء،ڈپٹی ڈی ای او اٹک تقی شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
مقررین نے اس موقع پر بتایا کہ پولیو مہم میں ضلع اٹک کی 6 تحصیلوں میں 1602 ٹیمیں خدمات انجام دیں گی۔ ان ٹیموں میں 1436 موبائل 126 فکسڈ 40 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ 75 یونین کونسلز میں 90 یو سی ایم اوز اور 233 ایریا انچارجزز تعینات کیے گئے ہیں جو اس مہم کے دوران ٹیموں کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے اس مہم کے دوران پیدائش سے لے کر 59 ماہ تک کے تقریبا تین لاکھ دس ہزار بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے افسران عالمی ادراہ صحت کے نمائندگان اور وہ خود خصوصی طور پر اس مہم کی نگرانی کریں گے۔اس دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلاۓ جائیں گے۔ مہم کی مانیٹرنگ عوام اور محمکہ صحت کی ٹیموں سے مکمل رابطہ اور مسائل کے تدارک کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اٹک کے آفس میں ڈسٹرکٹ پولیو کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے رابطہ کیلئے 0579316058 اور واٹس ایپ 03495711415 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔











