رواں سال سرکاری سکیم کے تحت حج پیکج 6 لاکھ 50 ہزار روپے سے بھی کم پر لانے کی کوشش کی جائے گی؛وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور

9

اسلام آباد،27مئی  (اے پی پی):وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے قومی اسمبلی کو یقین دلایا ہے کہ حکومتی کوششوں کے نتیجے میں رواں سال سرکاری سکیم کے تحت حج پیکج 6 لاکھ 50 ہزار روپے سے بھی کم پر لانے کی کوشش کی جائے گی، سابق حکومت کی حج کے حوالے سے بدعنوانیوں کی تفصیلات سامنے لائوں گا۔

 جمعہ کو قومی اسمبلی میں حج کے حوالے سے پالیسی بیان دیتے ہوئے مفتی عبدالشکور نے کہا کہ   میں نے حج انتظامات کا خود جائزہ لیا، مکہ مکرمہ میں پہلے جو عمارت ماضی میں 3 ہزار ریال پر حاصل کی جاتی تھی وہ میں نے 2100 ریال میں لی اسی طرح مدینہ میں 1 ہفتہ کے لئے پہلے جو عمارت 2100 ریال میں لی جاتی تھی وہ میں نے 700 ریال میں حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء میں آخری حج اخراجات 1800 ریال تھے، اب ہمیں بتایا گیا کہ سعودی عرب اب لازمی حج اخراجات کی مد میں 5 ہزار ریال مانگ رہا ہے میری خواہش تھی کہ حج اخراجات 7 لاکھ روپے سے نیچے لائے جائیں مگر سعودی عرب نے 9 ہزار ریال مانگے ہیں میں یقین دلاتا ہوں کہ سرکاری سکیم کے تحت حج پیکج 6 لاکھ 50 ہزار سے کم لانے کی کوشش کروں گا اور  سابق حکومت کے حج کے حوالے سے بدعنوانیوں کی تفصیلات سامنے لائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں سیر سپاٹے کا عادی نہیں ہوں میں سب کچھ اللہ اور پاکستان کے لئے کرتا ہوں حج کے حوالے سے دروغ گوئی سے کام نہیں لوں گامیں نے حج اور عمرے کئے ہیں اس کے علاوہ دنیا میں کہیں بھی بطور رکن اسمبلی دورہ نہیں کیا۔ ختم نبوتﷺ ، روحانیت اور تبلیغ کے لئے دورے کریں گے اور جو لوگ ختم نبوتﷺ کا نام نہیں لے سکتے وہ اب دوبارہ کبھی نہیں آئیں گے۔ ہم حج اور عمرے کے  علاوہ  اقلیتی برادری کے لئے بھی آسانیاں پیدا  کرتے  ہوئے  اقلیتی برادری کے فنڈز پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے پیٹ سے بھی رقم نکالیں گے ۔  ہم عشق رسولﷺ پر جان بھی  نچھاور کریں گے۔

 انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر دفاع خواجہ آصف، مولانا اسعد محمود نے حج پیکج کم کرنے کے لئے تعاون کیا ہے میں ان کا شکرگزار ہوں بالخصوص  وزیراعظم شہباز شریف نے میرے حلقہ میں لگنے والی آگ بجھانے کے لئے باہر سے جہاز منگوائے ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں کا آتشزدگی سے نقصان ہوا ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائےگا ۔

قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایوان کی معمول کی کارروائی نمٹائی گئی۔ بعد ازاں ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔