لاہور، 9 مئی ( اے پی پی ): وفاقی وزیر صنعت سید مرتضیٰ محمود نے کہا ہے کہ پاکستان میں صنعتی ترقی کے لیے حکومت سرمایہ کاروں کے ساتھ بیٹھ کر بہترین پالیسیاں بنائے گی، ملک میں موبائل بننا شروع ہو چکا ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں،ایز آف ڈوئنگ بزنس پر کام کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مقامی موبائل فون کمپنی کے دورے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ایئرلنک میں سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ چل رہا ہے،موبائل بنائے جا رہے ہیں جس کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ لوکل موبائل فون بننے سے ملک کو بھی بہت فائدہ ہو گا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او ایئرلنک مظفر پراچہ نے کہا کہ ایئرلنک کے پاس بائیس فیصد موبائل فون انڈسٹری کے شیئر ہیں، ایئرلنک میں موبائل بنانے کے ساتھ ساتھ ریٹیل سٹورز بھی بنائے جا رہے ہیں، موبائل انڈسٹری میں پاکستان بہت پیچھے تھا، اب انٹرنیشنل مارکیٹ میں ہم مقابلہ کر سکیں گے،موبائل فون امپورٹ کرنے سے امپورٹ بل کا بوجھ بہت زیادہ ہو چکا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ موبائل ایکسپورٹ کر کے پاکستان کے زر مبادلہ میں اضافہ کیا جاسکے گا۔











