ٹوبہ ٹیک سنگھ،24 مئی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ریسکیو 1122ٹوبہ ٹیک سنگھ نے سیلاب جیسی آفت سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہیڈ سندھنائی مائی صفوراں جوڑیاں نہروں کے مقام پرفرضی مشقیں کیں جس کا بنیادی مقصد سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنا، ان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنا، فلڈ آپریشن میں استعمال ہونے والے آلات کو چیک کرنا اور اداروں کے درمیان روابط کو بہتر کرنا ہے۔اس حوالہ سے ریسکیو1122کی طرف سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل اعجاز عبدالکریم اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ زریاب ساجد کمبوہ ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 میاں فراز منیر ، ڈپٹی ڈائریکٹر شوشل ویلفیئر رائے عبدالشکور، سی ڈی او مرید عباس سمیت محکمہ لائیو سٹاک، آبپاشی ، پولیس، زراعت، صحت، تعلیم،انفارمیشن، سول ڈیفنس ودیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
ریسکیواہلکاروں نے فلڈ میں ڈوبتے ہوئے لوگوں کو بچانے اورانخلاءکے دوران زخمی ہونے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے ہسپتال منتقل کرنے کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔
دریں اثناءڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 کے ہمراہ مختلف محکموں کی طرف سے لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کیا اور سیلاب کے دوران ریسکیو اینڈ ریلیف کیلئے استعمال ہونے والے آلات کا معائنہ بھی کیا۔ ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے ریسکیو 1122 کی فلڈ کے دوران دن رات کاوشوںاورعوام کی خدمت کرنے پر سلام پیش کیا اور ریسکیو کی خدمات کو سراہا۔











