عارف والا؛ جلوس اٹھار جیٹھ بسلسلہ شہادت نواسہ رسول ؐ و جانثار ساتھی نکالا گیا

6

 

عارف والا،31 مئی (اے پی پی ): اٹھارہ جیٹھ بسلسلہ شہادت نواسہ رسولﷺ و جگر گوشہ بتول حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ مرکزی امام بارگاہ دربار اہل بیت ڈی بلاک عارفوالا سے علم ، تعزییے  اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے۔ جلوس مقرر کردہ راستوں سے گزر کر جناح چوک   پہنچے جہاں پر نامور خطیب ڈاکٹر ماجد رضا آف کراچی نے نواسہ رسولؐ و جانثار ساتھیوں کی قربانی پر روشنی ڈال کر اہل ایمان کے قلوب کو منور فرمایا۔

بعدازاں نماز ظہرین جلوس کارخانہ بازار پہنچے جہاں پر عقیدت مند اہل بیت نے ماتم اور زنجیر زنی کرکے پرسا دیا، نوحہ  خوانی بھی کی گئی۔ جلوس  مختلف راستوں سے گزر کر کربلا حسینیہ  لاری اڈا پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

 جلوس میں کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لئے سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، جلوس کے تمام راستوں کو کارڈن آف کر کے شہر کے اندرونی و بیرونی راستوں کو مکمل بند کیا گیا تھا۔

 جلوس کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر میاں اظہر طارق وٹو ،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ارحم نذیر ، ٹی ایم اے عملہ ، واپڈا ملازمین ،پیرا میڈیکل اسٹاف موجود تھا  جبکہ  پولیس کی بھاری نفری جگہ جگہ تعینات کی گئی تھی۔