اسلام آباد،9مئی (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کا گزشتہ روز کا بیان انتہائی خطرناک ہے، ملک کے اہم ادارے کے خلاف گزشتہ روز جو زہر اگلا گیا درحقیقت یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے، اگر اس کا راستہ نہ روکا گیا تو شام اور لیبیا کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ روز اپنے خطاب میں سراج الدولہ اور میر جعفر کا نام لے کر اداروں کو نشانہ بنایا ، اس سے قبیح حرکت کوئی اور نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک قائداعظم کی تحریک اور لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کا ثمر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں بلاخوف و تردد یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اس مقتدر ادارے نے سابق حکومت کی بھرپور سپورٹ کی مگر اس کے باوجود یہ بری طرح ناکام ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس کے مقابلے میں کسی اور حکومت کو اس طرح کی سپورٹ حاصل ہوتی تو ملک کو ترقی کے پر لگ جاتے۔ انہوں نے کہا کہ جو زبان استعمال کی گئی ہے اس کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے نہ روکا گیا تو بھونچال آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جمہوریت کے مقابلے میں کوئی اور نظام آگیا تو یہ خطرناک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سازش کا نوٹس نہ لیا گیا اور صورتحال قابو سے باہر ہوگئی تو پھر کچھ نہیں بچے گا۔











