لاہور،11مئی ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور سمیت بڑے شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے 7 روز میں پلان طلب کیا۔انہوں نے کہا کہ شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم پلاننگ کرکے جامع لائن آف ایکشن مرتب کیا جائے،ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو جس تکلیف کا سامنا کرنا پڑا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور شہر کی مناسب اربن پلاننگ نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل پیدا ہوتے ہیں، ٹریفک وارڈنز کی ترقی کیلئے قابل عمل پلان بھی جلد پیش کیا جائے۔
وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کمشنر لاہور ڈویژن کو ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر شہری امور میں بہتری کیلئے سفارشات مرتب کرنے کا ٹاسک دے دیا اور کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ کا بہترین نظام مہذب معاشرے کی پہچان ہوتا ہے، عوام کی سہولت کیلئے ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جن سے آمد و رفت میں شہریوں کو آسانی ہو ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری سے شہریوں کو ٹریفک کے مسائل سے نجات دلانا متعلقہ ادارو ں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں اور محکموں کو آبادی بڑھنے کے ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کے نئے چیلنجز پر پورا اترناہوگا۔
سینیٹررانا مقبول احمد،انسپکٹر جنرل پولیس،،سی سی پی او لاہور،کمشنر لاہور ڈویژن،سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سینئر صحافی افتخار احمد، ڈی جی ایل ڈی اے،ڈپٹی کمشنر لاہور،سی ٹی او لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔