ملک کو درپیش مسائل کے حل اور ملک کو ترقی پر گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تعلیم کو فروغ دیا جائے ؛ ڈپٹی  کمشنر سکھرڈاکٹر جاوید احمد

13

سکھر،27مئی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر  ڈاکٹر جاوید احمد نے کہا ہے کہ  ملک کو درپیش مسائل کے حل اور ملک کو ترقی پر گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تعلیم کو فروغ دیا جائے، والدین اور اساتذہ بھی بچوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ آگے چل کر اعلیٰ مقام حاصل کرسکیں۔

 ان خیالات کا اظہارڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر جاوید احمد نے گورنمنٹ پرائمری اسکول پٹھان کالونی نیو پنڈ سکھر میں اسکول کے سالانہ نتائج کے سلسلے میں منعقدہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسکول پہنچنے پرتعلقہ ایجوکیشن آفیسر تعلقہ نیونثار احمد کھوسہ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری پ ٹ الف ضلع سکھرتاج محمد سومرو اور اسکول ہیڈماسٹرہدایت اللہ خان نیازی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر  ڈاکٹر جاوید احمد نے   کہا کہ مستقبل کے ان معماروں کو بہتر تعلیم اور رہنمائی کی اشدضرورت ہے،کیونکہ یہی آگے چل کر ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالیں گے ۔ اسکول ہیڈ ماسٹر ہدایت اللہ خان نیازی کے ان اقدامات کوسراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر  نے  کہا کہ اسطرح کے پروگراموں سے بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان میں تعلیمی رحجان بڑھتا ہے،ضروری ہے کہ والدین اور اساتذہ بھی بچوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ آگے چل کر اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے فوری طورپر اسکول کے واش روم تعمیر کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

آخر میں انہوں نے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب سے قبل ڈپٹی کمشنر کو سندھ کی روایتی اجرک وسندھی ٹوپی بھی  پیش کی گئی۔