ملتان، 12 مئی (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں نرسوں کا عالمی دن “ورلڈ نرسز ڈے” 12 مئی کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد طب کے شعبے میں نرسز کے کردار اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہوتا ہے۔
ورلڈ نرسز ڈے کی مناسبت سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد تھے۔ پرنسپل نشتر کالج آف نرسنگ میڈم طاہرہ پروین، ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال میڈم صفیہ، سسٹر سمیرا سمیت سینئر نرسنگ سٹاف نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کا استقبال کیا۔
تقریب کے شرکاء نے نرسز کی خدمات کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا اور ورلڈ نرسز ڈے کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ طب کے میدان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، طب کے شعبہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کا خواب نرسنگ سٹاف کی بھرپور شمولیت کے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے نشتر نرسنگ سٹاف کی خدمات کو بے حد سراہا اور ان سے متعلقہ تمام تر امورز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔











