لاہور،10مئی ( اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے 2 روز میں صفائی کا جامع پلان طلب کر لیا،شہر کی صفائی کے انتظامات کی مانیٹرنگ کا فول پروف میکانزم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا،ہسپتالوں میں انسنریٹرز کے بارے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا اور منظم حالت میں نظر آنا چاہیے، لاہور کو پھر سے صاف ستھرا اور خوبصورت بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی اور خوبصورتی کا عمل وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے منقطع ہوا تھا،سڑکوں کی صفائی کیلئے مشینوں کو مرمت کرکے استعمال میں لایا جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی اور واسا کے ملازمین خدمت کے جذبے سے فرائض سرانجام دیں، گرمی میں شہریوں کو پانی کی سپلائی میں تعطل نہیں ہونا چاہیے۔مون سون کی آمد سے قبل نالوں کی صفائی کا کام مکمل کیا جائے مون سون میں بروقت نکاسی آب کیلئے فول پروف میکانزم وضع کیا جائے،فلٹریشن پلانٹس کو بحال کرکے عوام کو صاف پانی مہیا کیا جائے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے صفائی کے انتظامات اور نئے ماڈل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ خواجہ احمد حسان،خواجہ عمران نذیر،عبدالعلیم خان،توصیف شاہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ایم ڈی واساا اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔