لاہور،11 مئی ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی آمد، ڈیجیٹل کیمروں کے ذریعے شہر میں امن عامہ کی مانیٹرنگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے ڈیجیٹل وال پرسی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ نظام کا معائنہ کیااور کیمروں کی مدد سے امن عامہ کے قیام کے لئے مانیٹرنگ نظام کے بارے میں بریفنگ بھی لی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پکار 15 کال سینٹر کا بھی دورہ کیااور غیر نمونہ نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ سٹرکوں پر لین مارکنگ کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے،لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ کا سہرا مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو جاتا ہے،سیف سٹی پراجیکٹ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کلیدی اہمیت رکھتاہے-انہوں نے تمام کیمروں کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ساڑھے 17 ارب روپے کے اس منصوبے سے گزشتہ 2 برس کے دوران جو کیا گیا اس کا کوئی جواز نہیں، ہم عوام کو جواب دہ ہیں عوامی اہمیت کے اس منصوبے سے متعلق امور میں مزید تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہیے،چینی کمپنی کے ساتھ قانونی قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھ کر امور فوری طہ کئے جائیں۔
وزیر اعلی حمزہ شہبازنے لاہور میں ٹریفک کی موثر مینجمنٹ کے لیے سیف سٹی اتھارٹی میں علیحدہ سیل قائم کرنے کی ہدایت کی۔
قبل ازیں وزیر اعلی حمزہ شہباز کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس بھی ہوا۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز کوعوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
سینٹر رانا مقبول احمد، عمران گورایہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔