وزیرِ اعظم سے وزیرِ انسدادِ منشیات کی ملاقات،حکومت کو بلوچستان کی محرومیوں کا بخوبی احساس ہے جنہیں دور کرنے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، شہباز شریف

5

اسلام آباد، 27 مئی(اے پی پی): وزیرِ اعظم  شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو بلوچستان کی محرومیوں کا بخوبی احساس ہے جنہیں دور کرنے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے   وزیرِ انسدادِ منشیات نوبزادہ شاہ زین بگٹی  سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سےملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی پر تفصیلی گفتگو و مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں نوبزادہ شاہزین بگٹی نے وزیرِ اعظم کو پیر کوہ ڈیرہ بگٹی میں ہیضہ کی وباء پر قابو پانے کے کامیاب آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم کی اس اقدام میں خصوصی دلچسپی اور بلوچستان کے متاثرہ خاندانوں کی فی الفور مدد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیرِ اعظم نے مقامی آبادی کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کو یقینی بنانے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کیلئے جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ حکومت کو بلوچستان کی محرومیوں کا بخوبی احساس ہے جنہیں دور کرنے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ وباء کے سد باب کیلئے وفاقی و صوبائی اداروں، بالخصوص ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔