پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے؛ سیکرٹری دفاع میاں محمد ہلال حسین

12

راولپنڈی،24مئی(اے پی پی ): سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) میاں محمد ہلال حسین نے کہا ہے کہ برطانیہ یورپی یونین کے خطے میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے اور اس کا اہم کردار ہے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے  برطانوی وزیر برائے مسلح افواج، جیمز سٹیفن ہیپی سے گفتگو میں کیا ،جنہوں نے منگل کا یہاں وفد کے ہمراہ وزارت دفاع میں ان سے  ملاقات  کی۔ سیکرٹری دفاع نے کہا کہ عالمی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کا  مشترکہ مقصد دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرتا ہے، پاک برطانیہ تعلقات  تجارت سے لے کر امن و سلامتی تک کثیر الجہتی تعاون کی ایک طویل تاریخ رکھتے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ پاکستان نہ صرف عالمی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے بلکہ اس نے اس سلسلے میں گزشتہ دو دہائیوں میں غیر معمولی فعال کردار ادا کیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) میاں محمد ہلال حسین نے کہا کہ معاشی ترقی کسی بھی قوم کی بقا کے لیے ضروری ہے، اس لیے پاکستان دنیا کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کو بہتر کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی کوششیں بہت پرامن ہیں اور سی پیک جیسے منصوبوں کا کوئی فوجی مفہوم نہیں ہے بلکہ یہ منصوبہ خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی رابطوں میں کردار ادا کرے گا۔

برطانوی وزیر برائے مسلح افواج جیمز سٹیفن ہیپی نے امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

 ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے  دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔  انہوں نے ہر سطح پر بات چیت کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔