ژوب،24مئی(اے پی پی): ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسیٰ خیل نے کہا ہے کہ کوہ سلیمان میں تاریخ کی سب سے بڑی قدرتی آگ لگی،وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس قدرتی آفت کا ازخود نوٹس لیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ایم پی اے حاجی مٹھا خان کاکڑ کے ہمراہ خصوصی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کوہ سلیمان میں تاریخ کی سب سے بڑی قدرتی آگ لگی جس سے اس نایاب جنگل میں لاکھوں درخت، جانور اور انسان ضائع ہو گئے ہیں، بلوچستان کی صوبائی حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ جتنا جلد ہو سکے اس آگ پر قابو پالیں، ہم مرکزی حکومت اور دیگر اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اس قدرتی آفت کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے تمام ریاستی مشنری کو ہدایت کی کہ اس آگ کو قابو کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ہمسایہ ملک ایران سے درخواست کی ہے کہ وہ قدرتی آگ بجھانے کے لئے ہماری مدد کریں جس پر حکومت ایران نے آگ بجھانے والے طیارے کی فراہمی کا وعدہ کیا جو کہ ہمارےمعلومات کے مطابق مذکورہ طیارہ پاکستان پہنچ چکا ہے اور عنقریب یہ امدادی طیارہ کوہ سلیمان میں لگی آگ بھجانے کے لئے اپنا آپریشن شروع کردے گا۔
انہوں نے کہا کہ موسیٰ خیل،شیرانی اور متصل صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقوں میں قدرتی جنگلات وافر مقدار میں موجود ہیں اور ان جنگلات میں وقتاً فوقتاً قدرتی آگ لگتی ہے لیکن اس مرتبہ یہ آگ بے قابو ہو چکی ہے، اور بدقسمتی سے پاکستان کے پاس اس طرح کے وسیع پیمانے پر قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے موثر نظام موجود نہیں ہے لہٰذا ہم حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مستقبل میں اس قسم کی قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے اور ملک اور عوام کو ناقابل تلافی نقصانات سے بچنے کے لیے جامع منصوبہ بندی کریں۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ہم آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ یہاں کے غریب عوام کی انسانی جانوں کی ضیاع اور جنگل میں لاکھوں درخت کے نقصانات کی تلافی کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں گے اور آنے والے مہینے میں بلوچستان کے صوبائی بجٹ میں بھی اس کے لیے منصوبہ پیش کریں گے۔











