ٹنڈو محمد خان،06مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قانون کے دائرے میں رہ کر اسلام آباد مارچ کرکے اپنا شوق پورا کرے، اگر قانون توڑاگیا تو قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
جمعہ کو یہاں پریس کلب میں میٹ دے پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گورنر کا آرمی چیف کو خط لکھنا ایک غیر آئینی اقدام ہے، عمران خان کو گرفتار کرنا حکومت کا نہیں قانون کا کام ہے، الیکڑونک ووٹنگ یا انٹرنیٹ ووٹنگ اصل مسئلہ نہیں ہے، اصل مسئلہ الیکشن کا شفاف ہونا ہے، سب جانتے ہیں کہ ملک کے موجودہ حالات عمران خان کی نااہلی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے کہ پیچھے ہٹ نہیں سکتے جبکہ آگے بڑھنے کے لیے دن رات ایک کر رہے ہیں، ہماری کارکردگی پر ہی ملک کی عوام اگلی بار منتخب کرے گی۔
وفاقی وزیر سید نوید قمر نے کہا کہ حکومت میں ہوتے ہوئے عدلیہ کا احترام نہیں کیا اب عدالتوں کے خلاف بول رہے ہیں، ان کا کام ایک دن عدالتوں کو برا بھلا کہنا اور اگلے دن عدالتوں سے انصاف کی توقع کرنا ہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا فائدہ آئین میں ہے آئین سے ہٹ کر کچھ بھی نہیں ہے۔
سید نوید قمر نے کہا کہ عمران خان کو اس کی نااہلی لے ڈوبی، عمران نیازی کی حکومت کے خاتمے پر ملک کی عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے، عمران نیازی نے ملک کے آئین و قانون سمیت عوام کے جزبات کی دھجیاں بکھیریں۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے دوچار ہے، سابقہ حکومت نے معیشت کو مکمل طور پر تباہ کردیا تھا، امپورٹ ایکسپورٹ صفر تھی، موجودہ حکومت میں ایکسپورٹ 20 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، ہمارے پاس وقت کم اور کام بہت زیادہ ہے، موجودہ حکومت ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔
گورنر کا آرمی چیف کو لکھے جانے والے سوال کے جواب میں سید نوید قمر نے کہا کہ گورنر کا آرمی چیف کو خط لکھنا ایک غیر آئینی اقدام ہے۔ عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے کیے جانے والے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری میں حکومت کا کوئی ہاتھ نہیں ہے،وہ توہین مذہب ہے اس کے خلاف کارروائی قانون کرے گا۔عمران خان کے اسلام آباد مارچ اور موجودہ حکومت کے خاتمے کے حوالے سے کیے جانے والے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر ایک کا جلسے جلوس کرنا جمہوری حق ہے، عمران خان اسلام آباد مارچ کرکے اپنا شوق پورا کرلے، اس کے مارچ سے حکومت کہیں نہیں جارہی، موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، اگر پی ٹی آئی کے مارچ میں کسی بھی طریقے سے قانون توڑا گیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے استعمال سمیت الیکٹریک ووٹنگ اور انٹرنیٹ ووٹنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق حاصل ہے، الیکٹریک ووٹنگ اور انٹر نیٹ ووٹنگ میں شفافیت کا ہونا لازمی ہے، انٹر ووٹنگ میں نیٹ ہیکنگ کے معاملات سامنے آتے ہیں۔
عدالتوں کو برا بھلا کہنے کے حوالے سے سید نوید قمر نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنی حکومت میں عدلیہ کا احترام نہیں کیا، انہوں نے ہمیشہ عدلیہ پر تنقید کی آج وہ عدلیہ سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ عمران خان کے خط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نیازی حکومت کے خاتمے میں کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی، وہ ایک جعلی خط لے کر چل رہا ہے، اس کی جان نہیں چھوڑ رہا ہے۔
انہوں نے آئندہ ماہ پیش ہونے والے بجٹ کے حوالے سے کہا کہ آئندہ ماہ ملکی و معاشی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے بجٹ پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے قرض لے کر عوام کو قرض کے بوجھ تلے کچل دیا، قرض کی واپسی ان کی جیبوں سے نہیں بلکہ عوام کی جیبوں سے نکل رہا ہے، ہم نے آئی ایم ایف سے بات کی ہے، اگر قرض لینا عوام دشمن ہوا تو اس سے گریز کریں گے۔
شیخ رشید کی جانب سے موجودہ حکومت کے خاتمے کی تاریخ دینے کے حوالے سے کیے جانے والے سوال کے جواب میں سید نوید قمر نے کہا کہ شیخ رشید کا کام ہی تاریخیں دینا ہے، وہ جانتا ہے کہ ملک کی عوام اگلے روز بھول جاتی ہے جس کا وہ فائدہ اٹھاتے ہوئے پھر اگلی تاریخ دے دیتا ہے، موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، 2023 الیکشن کا سال ہے، عوام اسے ووٹ دے گی جو کام کرے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان یاسر بھٹی، ایس ایس پی عبداللہ میمن، میر کاظم تالپر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
سورس: وی این ایس، حیدرآباد