چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس

3

لاہور،19مئی ( اے پی پی ): چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں ممکنہ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بہتر منصوبہ بندی اور مربوط کوششوں سے سیلاب جیسی قدرتی آفت سے موثر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے سیلاب اور موسم کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی اوروفاقی محکمے رابطہ کار بڑھائیں بارشوں کے دوران کر نٹ لگنے کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے بجلی کی لٹکتی تاروں کو ہٹانے کیلئے ڈی جی پی ڈی ایم اے کوواپڈا حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بارشی پانی کے بروقت نکاس کیلئے تمام ڈرینز اور سیوریج  لائنز کی صفائی کا کام جلداز جلد مکمل کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کو اضلاع میں سانپ کی کاٹے کی ویکسیئن، ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دریاؤں، نالوں، بندوں اور پلوں کے اردگرد تجاوزات کو ختم کرایا جائے۔اضلاع میں قائم فلڈ کنٹرول رومز میں متعلقہ محکموں کاعملہ ڈیوٹی پر موجود رہے۔اجلاس میں لاہور کی طرز پر دیگر بڑے شہروں میں بھی بارشی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے واٹر سٹوریج ٹینکس بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈویژنل کمشنرز نے اجلاس کو ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ دی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،آئی جی پنجاب، آبپاشی، زراعت, خزانہ کے سیکرٹریز، ڈی جی پی آر اور متعلقہ افسران کی اجلاس میں شرکت۔