کمرشل بلڈنگ کے نقشہ جات بنوانے اور پاس کرنے کیلئے ایم ڈی اے میں طریقہ کار کو آسان اور مختصر کیا جا رہا ہے؛ڈی جی ایم ڈی اے قیصر سلیم

8

ملتان، 21 مئی (اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے قیصر سلیم نے کہا ہے کہ ملتان کے شہریوں کو ملٹی سٹوری کمرشل بلڈنگ کے نقشہ جات بنوانے اور پاس کرنے کیلئے ایم ڈی اے میں طریقہ کار کو آسان اور مختصر کیا جا رہا ہے، شہریوں کے لئے کمرشل بلڈنگ یا ملٹی سٹوری بلڈنگ کا نقشہ بنوانے کیلئے ایم ڈی اے میں آرکیٹیکٹ کی رجسٹریشن کی شرط کو ختم کر دی ہے۔

ہفتہ کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے قیصر سلیم نے کہا کہ شہری اپنی مرضی سے پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹ اینڈ ٹاؤن پلینرز سے رجسٹرڈ کسی بھی  آرکیٹکٹ سے بائی لاز کے مطابق نقشہ بنوا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ایم ڈی اے میں رجسٹرڈ چند آرکیٹکٹ کی آجاراداری ختم ہو گئی ہے ، گھریلو  نقشہ جات آن لائن  پاس کرانے کے لئے ون ونڈو کو آئی ٹی بیس بنا نے کے لئے سافٹ ویئر تیار کیا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے کہا کہ سافٹ ویئر کی تیاری کے بعد گھریلو نقشے آن لائن جمع ہونے کے بعد شہریوں کو آفس نہیں آنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ملٹی سٹوری بلڈنگ کا نقشہ مرحلہ وار پاس کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں تاکہ زیر تعمیر بلڈنگ کو وقتاً  فوقتاً چیک کر کے بائی لاز پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے ۔

چیئرمین PCATP عارف چنگیزی کی جانب سے  آسانیاں پیدا کرنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے پر ایم ڈی اے انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا گیا۔