گلگت،6مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے بغیر پروٹوکول کے سول سیکرٹریٹ، ڈپٹی کمشنر آفس ، پی ایچ کیو اور سٹی ہسپتال کا دورہ کیا ہے۔اس موقع پر 70 فیصد سے زائد سٹاف کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ غیر حاضر سٹاف کے ایک ماہ کی تنخواہ روکیں اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائیں۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے سیکرٹری صحت کو پی ایچ کیو اور سٹی ہسپتال گلگت دورے کے موقع پر سٹاف کی حاضری یقینی بنانے کے احکامات دیئے۔انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور مسائل دریافت کئے۔ پی ایچ کیو ہسپتال کے دورے کے موقع پر ڈائیلسسز مشینوں کی کمی کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ نئی ڈائیلسسز مشینوں کی خریداری اور مریضوں کو ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی فری کرنے کیلئے سیکرٹری صحت سفارشات تیار کریں۔
خالد خورشید نے ہیلتھ کارڈ فیسلٹیشن سنٹرکے دورہ کے موقع پر ہیلتھ کارڈ سے استعفادہ حاصل کرنے والے مریضوں سے بھی گفتگو کی۔ وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی صحت کارڈ کے استعمال کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کریں تاکہ عوام کو صحت کارڈ کے استعمال اور افادیت کے بارے میں معلومات حاصل ہوں۔
سورس : وی این ایس ، گلگت