پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں سپورٹس ویک کا انعقاد

1

ملتان ،23 جون (اے پی پی):پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں سپورٹس ویک کا انعقاد کیا گیا۔زیر تربیت  پولیس افسران میں کھیل اور تفریح کے ذریعے نظم ضبط، قوت برداشت اور احترام قانون کے جذبے کو ابھارنے کے لیے سپورٹس ویک کا اہتمام کیاگیا۔

 کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان گوہر مشتاق بھٹہ کی ہدایات پر پولیس ٹریننگ کالج ملتان میں جاری سپیشلائز کورس اور انٹرمیڈیٹ کلاس کورس کے زیر تربیت پولیس افسران کی جسمانی نشونما اور استعداد کار میں اضافہ کے لیے کھیلوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان گیمز کے فائنل مقابلہ جات میں مہمان خصوصی سٹی پولیس آفیسر ملتان جناب خرم شہزادحیدر تھے۔  ڈی ایس پی کینٹ ملتان محمد سلیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں پیشہ وارانہ تربیت کے ساتھ ساتھ صحت مندانہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا ہونا بھی بہت ضروری ہے۔ اس سپورٹس ویک میں زیرتربیت پولیس افسران کی شمولیت اور ان کا بلند حوصلہ بہت اہمیت رکھتاہے۔ پولیس افسران کے لیے ایسی صحت مندانہ سرگرمیوں کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔

سپورٹس ویک گیمز میں کرکٹ، رسہ کشی، بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس اور کیرم بور ڈ کے کھیلوں کا انعقاد کیا گیاتھا۔ ہر ونگ سے 8/8ٹیمیں  بنائی گئی جس میں زیر تربیت تمام پولیس افسران نے بڑی گرم جوشی سے سپورٹس ویک میں حصہ لیا مختلف کھیلوں کے فائنل مقابلے ہوئےجس میں جناح ونگ نے کرکٹ اور کیرم بورڈ، سرسیدونگ نے رسہ کشی،ایدھی ونگ نے بیڈ منٹن اور ٹیبل ٹینس جبکہ لیڈیز کیرم بورڈ میں انٹر میڈیٹ کلاس کورس نے کامیابی حاصل کی۔ ڈی ایس پی شعبان محمود بھٹی، ڈی ایس پی محمد اقبال لاشاری اور دیگر جملہ پولیس افسران نے تمام میچز میں نگرانی کی۔  جیتنے والی ٹیموں میں مہمان خصوصی سٹی پولیس آفیسر ملتان اور کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان نے ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیئے۔