مری، 07 جون(اے پی پی ):اسلامی خطاطی صدیوں سے اسلامی ثقافت کی پہچان ہے ہر دور میں لوگ خطاطی کے فن سے وابستہ رہے ہیں اورمصوری بہترین ذریعہ ہے جس کے ذریعے مصور معاشرے کی عکاسی کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنرطاہر فاروق نے پنجاب آرٹس کونسل مری کے زیر اہتمام منعقدہ کیلی گرافی اور پینٹنگ کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ان کے ہمراہ اے ڈی سی وقار حسن چیمہ اور اسسٹنٹ کمشنر مری محمد وقاص سکندری بھی تھے۔
نمائش میں محمد وقاص،علشبہ سہراب،منیب ضمیر،سمرین عباسی،شانزے،صائمہ اختر،آمنہ زیارت اور سہرش نور کے فن پاروں کورکھا گیا جس میں مری کے حسن کو انتہائی خوبصورتی سے پیش کیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شکور کا کہنا تھاکہ مری آرٹس کونسل نوجوانوں کے لیے ہمہ وقت موجود ہے اور ہمیشہ فن کو دنیا کے سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کر ے گی۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض اسسٹنٹ ڈائریکٹر انعم خالد نے سر انجام دیئے اس موقع پر چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن مری ضیاء اللہ، مستنصر عباسی سمیت میڈیا کے احباب، مقامی لوگوں اور سیاحوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور تصویروں کو نہایت دلچسپی سے دیکھا۔
یہ نمائش مری آرٹس کونسل کی آرٹ گیلری میں ہفتہ بھر جاری رہے گی جسے دفتری اوقات میں دیکھا جا سکتا ہے۔