اسلام آباد،27جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمود نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ٹولنگ سسٹم سے ٹول ٹیکس کی وصولی سے متعلقہ درست ڈیٹا اکٹھا کرنے میں مدد ملے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن کے درمیان موٹر ویز پر ای ٹولنگ کی تنصیب کے لئے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، ای ٹولنگ معاہدے کا دورانیہ 7 سال ہے ۔ اس موقع پر این ایچ اے حکام نے وفاقی وزیر کو اس معاہدے کی شقوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکٹرانک ٹولنگ سسٹم سے ٹول ٹیکس کی وصولی سے متعلقہ درست ڈیٹا اکٹھا کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ای ٹولنگ سسٹم کی بدولت سفر کی روانی یقینی ہوگی اور وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔