جلالپورپیروالہ ،22 جون (اے پی پی ): ملک بھر کی طرح جلال پورپیروالہ میں بھی اونٹ کا عالمی دن منایا گیا، اونٹ کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ لائیوسٹاک کے زیر اہتمام فری ویٹرنری کیمپ بھی لگایا گیا جہاں اونٹ پالنے والے حضرات کو اونٹ کی پرورش اور افادیت بارے آگاہی بھی دی گئی ۔
سیکرٹری لائیوسٹاک ساؤتھ پنجاب ناصر جمال ہوتیانہ اور ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک ساؤتھ پنجاب کی ہدایت پر اونٹ کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ لائیو سٹاک جلال پور کے زیر اہتمام نواحی علاقہ بستی حجانہ میں اونٹوں کیلئے فری ویٹرنری کیمپ میں اونٹوں کو پیٹ کے کیڑے مارنے والی مفت ادویات فراہم کی گئیں اور اونٹ پال حضرات کو اونٹوں کی دیکھ بھال اور پرورش بارے مفید مشورے اور آگاہی بھی دی گئی ۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر جمشید اختر نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد عام لوگوں کو اونٹ کے دودھ اور گوشت کی افادیت بارے آگاہی دینا اور اونٹ پال حضرات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ یہ لوگ مزید احسن طریقے سے اونٹوں کی پرورش کریں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پائی جانے والی اونٹوں کی نسلیں دنیا کی بہترین نسلیں ہیں، اس جانور کو زر مبادلہ کا اہم ذریعہ بنایا جا سکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اونٹ کا گوشت غذائیت سے بھرپور بہت سی بیماریوں کے علاج میں مدد کرتا ہے، غذائیت سے بھرپور اونٹنی کا دودھ بھی مختلف بیماریوں کے علاج میں استعمال ہوتا ہے جبکہ اس دودھ کی اہم ترین خصوصیت یہ ہے کہ اس میں قدرتی طور پر انسولین پائی جاتی ہے جو کہ شوگر کے مریضوں کیلئے مفید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیوٹی پروڈکٹس میں بھی اونٹنی کا دودھ استعمال ہوتا ہے ۔