اوکاڑہ،14جون(اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین نے کہا ہے کہ تعلیم اندھیروں سے روشنی کی جانب سفر ہے جس کے لیے پنجاب حکومت دن رات ایک کئے ہوئے ہے، تعلیمی ترقی ہی حقیقی ترقی ہے، علم کی شمع روشن کیے بغیر معاشی اور سماجی شعبوں میں انقلاب برپا نہیں کیا جاسکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 39 طلباء طالبات میں 13 لاکھ 5 ہزار روپے کے تعلیمی وظائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین نے کہا کہ سو فیصد شرح خواندگی کے ہدف کے حصول کے لئے تعلیمی معیار کی بہتری ، اساتذہ کی جدید خطوط پر ٹریننگ، بدلتی دنیا کے تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب تعلیم وقت کی ضرورت ہے، پنجاب حکومت جہاں تعلیمی معیار کے لئے کوشاں ہے وہیں پر قابل اور لائق بچوں کی حوصلہ افزائی کو بھی فرض منصبی سمجھتی ہے ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کے ذہین اور قابل طلباء میں یہ وظائف ان کی پڑھائی کے لئے تقسیم کئے جا رہے ہیں جو کہ پنجاب حکومت کی علم دوستی کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف کی قیادت میں صوبہ میں تعلیمی کلچر کے فروغ اور شعبہ تعلیم کی ترقی کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین اور مسیحی کمیونٹی کے راہنما ایاز سبسٹین نے مسیحی طلبا ء طالبات میں وظائف کے چیک تقسیم کئے۔ یہ وظائف میٹرک، انٹرمیڈیٹ، گریجوایشن، ماسٹرز ،پروفیشنل ڈگری اور دیگر تعلیمی ڈگریوں کے حصو ل کے لئے زیر تعلیم طلباء طالبات کو دیئے گئے ہیں۔











