جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات، دونوں ممالک کے تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

28

اسلام آباد، 07 جون (اے پی پی ): جرمنی کی وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے پیر کو یہاں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی ہے ۔ وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جرمنی کی وزیر برائے خارجہ امور انالینا بیئربوک کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے، جرمن وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر اسلام آباد کا 2 روزہ دورہ کررہی ہیں۔ جرمنی کی وزیر خارجہ پاکستان کے دورے کے دوران وزیراعظم اور دیگر حکومتی عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ جرمنی دو طرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں پاکستان کا قابل قدر شراکت دار ہے۔ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دیرینہ، خوشگوار تعلقات قائم ہیں جو باہمی احترام اور قریبی تعاون پر مبنی ہیں، پاکستان اور جرمنی نے گزشتہ سال سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل کرلئے۔ جرمنی کی وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلوں کا حصہ ہے اور توقع ہے کہ اس سے پاکستان اور جرمنی کے کثیر جہتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
اس سے قبل وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دفتر خارجہ آمد پر جرمن وزیرخارجہ انالینا بیئربوک کو خوش آمدید کہا۔ وزیرمملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے بھی جرمنی کی وزیرخارجہ انالینا بیئربوک سے ملاقات کی۔ جرمنی کی وزیرخارجہ انالینا بیئربوک نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ دفترخارجہ میں پودا بھی لگایا۔